29/03/2026
عبدالجہان محض اؙمیدوار نہیں ایک اؙمید ہے
تحریر: یزدان علی
ضلع غذر کے حلقہ 2 بیارچی تا بارسیت کے عوام کا ایک دیرینہ اور جائز مطالبہ اب ایک واضح آواز بن چکا ہے۔ یہ وہ خطہ ہے جو قدرتی حسن سے مالا مال ہونے کے باوجود بنیادی سہولیات کی شدید کمی کا شکار ہے۔ غربت، بے روزگاری، صحت عامہ کی ناقص صورتحال اور ترقیاتی کاموں کی عدم موجودگی نے عوام کو سخت مایوسی سے دوچار کر رکھا ہے۔ ایسے حالات میں عوام کی نظریں اب ایک ایسے مخلص، باکردار اور دردِ دل رکھنے والے رہنما کی تلاش میں ہیں جو حقیقی معنوں میں ان کے مسائل کو سمجھ سکے اور ان کا حل نکال سکے۔
اسی تناظر میں عوام کا متفقہ مطالبہ ہے کہ عبدالجہان جیسے ہردلعزیز، سچے اور ایماندار شخص کو ٹکٹ دیا جائے۔ عبدالجہان نہ صرف ایک باصلاحیت شخصیت ہیں بلکہ وہ عوام کے دکھ درد میں برابر کے شریک رہے ہیں۔ ان کی سادگی، خلوص اور خدمتِ خلق کا جذبہ انہیں دیگر امیدواروں سے منفرد بناتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عوام ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔
اگر پاکستان مسلم لیگ (ن) واقعی اس حلقے کی محرومیوں کا ازالہ چاہتی ہے تو اسے چاہیے کہ عوامی امنگوں کا احترام کرتے ہوئے ایک قابل اور دیانتدار امیدوار کو سامنے لائے۔ بصورت دیگر، عوام اب باشعور ہو چکے ہیں اور وہ کسی نالائق یا مفاد پرست شخص کو ووٹ دینے کے لیے ہرگز تیار نہیں۔
یہ وقت ہے کہ فیصلے زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر کیے جائیں۔ کیونکہ یہ صرف ایک الیکشن نہیں، بلکہ اس علاقے کے مستقبل کا سوال ہے۔ اگر درست قیادت منتخب ہوئی تو ترقی کا سفر شروع ہوگا، ورنہ محرومیوں کا یہ سلسلہ مزید طویل ہو جائے گا۔