27/08/2026
گیسٹ ہاؤسز اور چھوٹے ہوٹلوں کی رجسٹریشن، مہمانوں کے ریکارڈ اور غیر مقامی کاروباری افراد کے ڈیٹا سے متعلق تجاویز۔۔۔۔۔
وادیٔ ہنزہ میں سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ سیاحوں اور مقامی آبادی کی حفاظت، کاروباری نظم و ضبط اور مؤثر انتظامی نظام کے لیے ضروری ہے کہ تمام ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز اور رہائشی سہولیات کو ایک باقاعدہ اور شفاف قانونی نظام کے تحت لایا جائے۔
اس سلسلے میں درج ذیل اقدامات پر غور کیا جانا چاہیے:
تمام ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز کی لازمی رجسٹریشن:
تمام گیسٹ ہاؤسز، چھوٹے ہوٹلوں اور دیگر رہائشی مراکز کے لیے محکمۂ سیاحت (Department of Tourism Services, Gilgit-Baltistan) سے باقاعدہ رجسٹریشن لازمی قرار دی جائے۔ بغیر رجسٹریشن کاروبار کرنے والوں کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے مناسب مہلت دی جائے، اور اس کے بعد بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
مہمانوں کی باقاعدہ رجسٹریشن:
ہر ہوٹل اور گیسٹ ہاؤس میں مہمانوں کا مکمل ریکارڈ رکھنے کا یکساں نظام نافذ کیا جائے۔ مہمان کو کمرہ فراہم کرنے سے قبل شناختی کارڈ/پاسپورٹ کی تصدیق اور ضروری معلومات کا اندراج لازمی قرار دیا جائے۔
مکمل ڈیجیٹل ڈیٹا بیس:
وادیٔ ہنزہ میں موجود تمام ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز اور دیگر رہائشی مراکز کا ایک جامع اور باقاعدہ ڈیٹا بیس تیار کیا جائے، تاکہ انتظامیہ کے پاس کاروباری اداروں اور وہاں قیام کرنے والے افراد کا درست اور تازہ ریکارڈ موجود ہو جو ابھی تک موجود نہیں۔
غیر مقامی کاروباری افراد کا ریکارڈ:
جو افراد ہنزہ کے مستقل مقامی باشندے نہیں ہیں اور یہاں کاروبار کر رہے ہیں، ان کے کاروبار، شناخت اور رہائش سے متعلق بنیادی معلومات کا باقاعدہ ریکارڈ متعلقہ لوکل گورنمنٹ/انتظامیہ کے پاس موجود ہونا چاہیے۔
کریکٹر سرٹیفکیٹ:
غیر مقامی افراد کے لیے، جہاں قانوناً قابلِ اطلاق ہو، ان کے مستقل پتے کے متعلقہ پولیس اسٹیشن سے کریکٹر/پولیس ویری فکیشن سرٹیفکیٹ پیش کرنے کا طریقہ کار وضع کیا جائے، تاکہ کاروباری سرگرمیوں میں شفافیت اور عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
کاروباری ذمہ داری اور مالی معاملات:
بعض اوقات غیر مقامی افراد یا دیگر عارضی کاروباری افراد قیام کے اخراجات یا واجبات ادا کیے بغیر چلے جاتے ہیں۔ اس مسئلے کے تدارک کے لیے ہوٹل انتظامیہ کو مہمانوں کی مناسب شناخت اور پیشگی ادائیگی/سکیورٹی کا قانونی اور شفاف طریقہ اختیار کرنے کی اجازت اور حوصلہ افزائی کی جائے۔
ہماری درخواست کا مقصد کسی فرد یا طبقے کو بلاجواز ہراساں کرنا نہیں، بلکہ وادیٔ ہنزہ میں سیاحت، کاروبار، عوامی تحفظ اور انتظامی شفافیت کے لیے ایک یکساں، مؤثر اور قانونی نظام قائم کرنا ہے۔