25/08/2023
چندریان3 کی کامیابی پر کل سے کچھ احباب نے بھارت کے لیے تعریفوں کے پُل باندھ رکھے ہیں۔ جب کہ انھیں اپنے ملک کے اداروں کے میگا و گیگا پراجیکٹس اور ترقیاتی منصوبوں کا کچھ علم ہی نہیں ہے۔ انڈیا کا ایسرو (ISRO) اگر چاند پر پہنچا تو کون سی بڑی بات ہے۔
ہمارے خلائی ادارے سپارکو (SUPARCO) کے موجودہ چئیرمین عزت مآب جناب میجر جنرل (ر) عامر ندیم کی شبانہ روز محنت کے بعد آپ کو بلاناغہ موسم کا حال معلوم ہوتا ہے۔ اس ادارے نے اپنے دیگر سابق سربراہان میجر جنرل (ر) رضا حسین، میجر جنرل(ر) احمد بلال اور میجر جنرل (ر) قیصر انیس کی انتھک محنتوں کے سبب آپ کے لیے سبزیوں کے ہائبرڈ بیج اور پھلوں کی افزائش کا طریقہ کار بھی وضع کیا ہے۔
ہمارے اندھیروں اور اجالوں کے مالک چئیرمین واپڈا جناب لیفٹننٹ جنرل (ر) سجاد غنی اور ان سے قبل لیفٹننٹ جنرل (ر) مزمل نواز بھی واپڈا کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرچکے ہیں اور ابھی تک کررہے ہیں۔
حالیہ چئیرمین نیب (NAB) محترم جناب لیفٹننٹ جنرل نذیر(ر) احمد جٹ اور چئیرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) جناب میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن اپنے عہدوں کو کانٹوں کی سیج سمجھ کر خون پسینہ ایک کیے ہوئے ہیں۔اور ان سے قبل PTA کی سیٹ پر میجرجنرل(ر) عامر عظیم باجوہ کا حال بھی کچھ ان سے مختلف نہ تھا۔
آپ کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی یعنی(NDMA) کے حالیہ چئیرمین جناب لیفٹنٹ جنرل(ر)انعام حیدر ملک کے کام میں اگر کیڑے نظر آتے ہیں تو آپ واقعی لاعلاج ہیں۔ انھوں نے جب سے اپنے پیش رو جناب لیفٹننٹ جنرل(ر) اختر نواز سے عہدہ سنبھالا، تب سے محنت کی جیتی جاگتی تصویر بنے ہوئے ہیں۔
چئیرمین PIA جناب ائیرمارشل (ر) ارشد محمود ملک ہوں یا ایڈیشنل سیکرٹری دفاع محترم جنابِ میجر جنرل (ر) محمد اشرف چودھری، ان باصف کرداروں کی جگہ کوئی سویلین ان اداروں کا سربراہ ہوتا تو کب کے یہ ادارے ڈوب چکے ہوتے۔
سوئی سدرن گیس کے چئیرمین جناب لیفٹننٹ جنرل (ر) جاوید ضیاء کی ہمت ہے گھر بیٹھے آپ کو اپنی گیس کا حصول آسان اور ممکن بناریے ہیں۔
چئیرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن (FPSC) جناب کیپٹن (ر) شاہد اشرف تارڑ نے اپنے پیش رو کیپٹن(ر) زاہد سعید سے یہ عہدہ سنبھالتے ہی دن رات ایک کررکھا ہے۔ جب کہ کیپٹن(ر) زاہد سعید اس کے بعد سیکٹری ہیلتھ کے فرائض منصبی ادا کرکے ایک اور ادارے کو مضبوط کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
چئیرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن (PPSC)جناب لفٹننٹ جنرل(ر) ملک ظفراقبال کی صلاحتیوں کا کون مداح نہیں۔ بعینہ صدر ہاکی فیڈریشن برگیڈئیر (ر) خالد سجاد کھوکھر، صدر سکواش فیڈریشن جناب ائیر مارشل(ر) مجاہد انور خان، ممبر آف بورڈ پاکستان ٹیلی ویژن میجر جنرل احمد شریف اپنے اپنے شعبوں میں اپنے اداروں کی عزت و توقیر بڑھائے ہوئے ہیں۔
ایسے مزید گوہر نایاب بھی ہم آپ کے سامنے رکھ سکتے ہیں مگر یہ سوچ کر جانے دیا کہ آپ لوگ ان ہستیوں سے جلن، کڑھن، حسد میں کہیں اپنے دماغ کا ہاضمہ خراب نہ کر بیٹھیں۔ چناں چہ آپ پر رحم کھاتے ہوئے آخری پیغام ہم یہی دیں گے کہ قدر کرلو اپنے اداروں کی۔۔۔اپنے سربراہانِ مملکتِ خداداد کی۔۔۔
اگر ایسے نایاب و نادر ہیرے ہماری زنبیل میں نہ ہوتے تو آج ہمارے پاس جگتیں ہوتیں نہ طعنہ و تشنیع۔۔۔بلکہ ہمارا حال و حشر بھی چین، امریکہ، روس، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور بھارت جیسا ہوتا۔ اللہ کی پناہ۔۔
#ضیاء
Copied From Wall of
Zia Ullah Mohsin